میرپور خاص، اے سی اور ایڈمنسٹریٹر کا سول اسپتال اور مارکیٹ چوک کا دورہ

366

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور خاص کا سول اسپتال اور مارکیٹ چوک کا دورہ، سول اسپتال دورے کے موقع پر ڈاکٹروں کو مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت، نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے اور گراں فروشوں پر جرمانے عائد کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میرپور خاص ڈاکٹر شاہدہ پروین جامڑو نے سول اسپتال میرپور خاص کا دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کر کے ان سے علاج ومعالجے کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے شکایت کے انبار لگا دیے، جس پر انہوں نے اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں پر برہمی کا اظہار کیا اور سول سرجن کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی سمیت تمام وارڈوں میں خواتین مریضوں کے لیے خواتین اسٹاف تعینات کیا جائے اور مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، اسپتال میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت حکومت سندھ کو سول اسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل عملے کی کمی کے بارے میں آگاہ کر کے خالی اسامیوں کو پُر کروایا جائے گا۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے ریونیو عملے اور پولیس کے ہمراہ مارکیٹ چوک کا دورہ کرکے اشیاء زائد قیمتوں پر فروخت کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر جرمانے عائد کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص ڈاکٹر شاہدہ پروین جامڑو کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو پہلے وارننگ دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود سبزیاں زائد قیمتوں پر فروخت کی جارہی تھیں اور ساتھ ہی ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کی گئی، اس لیے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔