مسلمانوں کے لیے محمد ﷺ کی زندگی واحد نمونہ ہے، عرفان احمد

237

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سکھر کے زیر انتظام پانچ روزہ فہم قرآن وسنت پروگرام کا آغاز ہوگیا، ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے اسلامک سینٹر گرائونڈ میں شروع ہونیوالے پانچ روزہ فہم قرآن و سنت پروگرام کے پہلے روز مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خواتین کے لیے علیحدہ سے انتظام کیا گیا تھا، پروگرام میں معروف مبلغ قرآن اور اسکالر پروفیسر عرفان احمد نے ابتدائی درس دیا، 5 روزہ فہم قرآن و سنت پروگرام کا آغاز صبح پونے سات بجے اسلامک سینٹر گرائونڈ میں ہوا، شہر بھر سے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین کی بڑی تعداد اس دوران اجتماع گاہ میں موجود تھی۔ تلاوت اور مطالعہ حدیث کے بعد پروفیسر عرفان احمد نے پہلے روز کا درس پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی واحد نمونہ ہے۔ آپﷺ کی ذات مبارک کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی دنیا سے ڈکٹیشن لینے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے اور یہی مسلمانوں کیلیے سلامتی کا راستہ ہے۔ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو انسانیت تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ پروگرام 12 ربیع الاول تک روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔ جماعت اسلامی سکھر میں امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے شہریوں سے شرکت کر کے قرانی تعلیمات سے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے۔