حیدر آباد، ڈگری ، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس کیخلاف احتجاج

284

 

 

حیدر آباد، ڈگری، ٹنڈوالہٰیار، بھٹ شاہ، (اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جسارت) جمعیت علما اسلام س ضلع حیدر آباد کے جنرل سیکرٹری حافظ ارمان احمد چوہان، قاری سعد اللہ خان حیدری، قاری ابراہیم قریشی، مولانا اشرف بنوری، صاحبزادہ عتیق الرحمن، حافظ عبدالوحید مغل، محمد علی شیخ، قاری ضیاء الرحمن مدنی، عبداللہ فاروقی، مولانا شبیر سومرو، سید ساجد علی شاہ، محمد صابر قریشی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فرانس کے صدر کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی سرکاری سطح پر اشاعت کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، فرانس کے صدر کے اس جاہلانہ اقدام سے پونے دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، مسلمان اپنے نبی رحمت دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی جان سے زیادہ محبت کرتے ہیں، فرانس کے صدر کا یہ اقدام ناقابل برداشت ہے، او آئی سی، عرب لیگ اور دیگر مسلم ممالک کے اتحاد کو چاہیے کہ وہ سب اپنے اپنے ممالک سے فرانس کے سفیر کو بے دخل کریں اور فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کریں، ہم پوری دنیا کے مسلمانوں بالخصوص پاکستان کے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ فرانس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں، پاکستان میں ٹوٹل پیٹرول پمپ لیو کمپنی کے بسکٹ پیرس کے پرفیوم اور میک اپ کے سامان کا بائیکاٹ کر کے اپنی دینی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کیجیے تاکہ فرانس کے حکمرانوں کی عقل ٹھکانے آئے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کو اس اہم معاملے پر اپنی توانا آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری فرانس کے سفیر کو ملک بدر کریں اور فرانس سے پاکستان کے سفیر کو واپس بلواکر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش قابل مذمت ہے، ربیع الاول کے مبارک مہینے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں، فرانس میں بڑی عمارتوں میں بڑی اسکرین لگا کر چارلی ایبڈو کے بنائے گئے گستاخانہ خاکے شائع کرنا افسوسناک ہے۔ ریاست مدینہ پاکستان کے وزیر اعظم فرانسیی سفیر کو فی الفور ملک بدر کرکے فرانس سے تعلقات کا بائیکاٹ کریں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت ڈگری کے رہنما اور خطیب غوثیہ مہاجر مسجد منیر جمال سواگی اور دیگر رہنمائوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہمیں اپنے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے بے انتہا محبت ہے، وجود کائنات کے خاطر ہم جان و مال، اپنی اولادیں قربان کردیں گے مگر یہ گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور پاکستان کے سفیر کو فوراً واپس بلایا جائے۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اپیل کی کہ او آئی سی کا اجلاس طلب کیا جائے اور فرانس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس کیخلاف بائیکاٹ نہ کرنا ایمان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔