ربیع الاول پر صفائی ، صاف پانی کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے ، نثار میمن

300

 

سکھر (نمائندہ جسارت) 12 ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر سکھر نثار احمد میمن سے علمائے کرام کے وفد کی ملاقات، ایڈمنسٹریٹر نے جشن میلاد النبیﷺ شایان و شان طریقے سے منانے اور بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے بہترین انتظامات کی یقین دہانی کروائی۔ پیر کے روز ایڈمنسٹریٹر سکھر نثار احمد میمن سے علما کرام کے وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں مولانا محمد عثمان فیضی، نور احمد قاسمی، مشرف محمود قادری، حامد محمود فیضی، مولانا رضوان، شکیل صدیقی سمیت دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو سمیت میونسپل افسران ایکسین سہیل احمد میمن، پیر عطاء الرحمن خان، فیاض میمن، عابد علی انصاری، سکندر علی چنا، آصف علی خان بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے آغاز میں ایڈمنسٹریٹر سکھر نثار احمدمیمن نے نبی آخر الزمان حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر حاضرین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبین آنحضرت محمدﷺ صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ساری بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لیے رحمتہ اللعالمین بن کر تشریف لائے، حضورؐ کی آمد سے دنیا سے اندھیرا اور تاریکی ختم ہوگئی اور ہر طرف اجالا ہوگیا۔ اس لحاظ سے 12 ربیع الاول کا دن تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کا عظیم ترین دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن انسانیت کے لیے خوشی اور امن کا پیغام ہے۔ رحمتہ اللعالمین کی تشریف آوری سے ظلم کا خاتمہ اور سکون واطمینان اور بھائی چارے کی فضاء کو فروغ نصیب ہوا۔ ملاقات کے دوران علماء کرام نے 12 ربیع الاول کے موقع پر صفائی ستھرائی، چراغاں سمیت دیگر مطالبات پیش کیے جس پر ایڈمنسٹریٹر سکھر نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر شہر کو دلہن کی طرح سجائیں گے، چراغاں کیا جائے گا، گھنٹہ گھر پر خوبصورت سبیل بھی نصب کروائی جائے گی جبکہ ملٹری روڈ پر نصب اسکائی بورڈ پر حدیث اور عبارات پر مشتمل بینرز آویزاں کیے جائیں گے جبکہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے جس کے تحت جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا۔ میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو کو فوکل پرسن مقرر کردیا ہے وہ تمام معاملات کی نگرانی کریں گے اور اگر پھر بھی کسی حوالے سے کوئی شکایت ہو تو میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ علما مجھ سے بھی براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں میں خود شہر کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لوں گا اور جس علاقے میں مسائل کی نشاندہی ہوگی اپنی نگرانی میں اسے حل کروائوں گا۔ علما کرام نے ایڈمنسٹریٹر سکھر کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایڈمنسٹریٹر کی نگرانی میں 12 ربیع الاول سے قبل ہی تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔