ایف پی سی سی آئی کمیٹی برائے میڈیا احتجاجاًمستعفی

359

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ایف پی سی سی آئی کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے میڈیا اینڈ براڈکاسٹنگ کے کنوینر اسامہ خان وارثی اور ڈپٹی کنوینر روبینہ تسنیم نے اپنے عہدوں سے فوری طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔انھوں نے یہ قدم ایف پی سی سی آئی کے صدر اور بزنس مین پینل کے چیئرمین انجم نثار کی پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے اٹھایا ہے۔ اسامہ خان وارثی اور روبینہ تسنیم نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میاں زاہد حسین نے درست وجوہات کے سبب استعفیٰ دیا ہے جس کے بعد درجنوں دیگر رہنمائوں نے بھی اس پینل سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے جو نوشتہ دیوار ثابت ہو گا۔انھوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور بزنس مین پینل میں سیاست مفاد پرستی اور اقرباء پروری کے علاوہ کچھ نہیں ہو رہا ہے جس نے موجودہ مشکل حالات میں کاروباری برادری کو پریشان کر رکھا ہے۔انھوں نے کہا کہ بزنس مین پینل کی قیادت نہ خود کچھ کرتی ہے نہ کسی کو کرنے دیتی ہے اور اس نے وفاقی چیمبرذاتی کاروباری سمجھ کر عضو معطل بنا رکھا ہے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی قائمہ کمیٹیاں بنائی گئیں جس میں زبردست بندر بانٹ کی گئی جس کے بعد چند کمیٹیوں کے علاوہ کسی کو کام کرنے نہیں دیا جاتا بلکہ روڑے اٹکائے جاتے ہیں۔ اسامہ خان وارثی نے کہا کہ میڈیا کی قائمہ کمیٹی سے انکے اور ڈپٹی کنوینر کے ساتھ تمام ممبران نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔