اسکالرز نے کووڈ19میں تحقیق کرکے بہترین مقالے پیش کیے

269

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وبا کی اس غیریقینی صورتِ حال میں ریسرچ اسکالرز نے تحقیق کے دروازے کھول دیے اور بہت اہم موضوعات پر اپنے مقالے پیش کیے۔ علما یونی ورسٹی کے زیرِ اہتمام سوشل میڈیا پر دو روزہ بین الاقوامی ورچوئل کانفرنس میں اس بات کا اعتراف دنیا کے بہترین جامعات کے پروفیسروں، دانش وروں اور سماجی سائنس دانوں نے کیا۔ معروف محقق اور باتھ اسپا یونی ورسٹی، اوکسفرڈ، برطانیہ کے پروفیسر آئی ایچ ملک نے اپنے کلیدی خطبے میں خوشی کا اظہار کیا کہ وبا کے اس دور کو جس طرح ہمارے نوجوان اسکالرز نے تحقیق کے ذریعے کارآمد بنایا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ اس کانفرنس میں نہایت عمدہ مقالے پیش کیے گئے۔ ڈونا ہالپر پروفیسر لیسلی یونی ورسٹی، کیمبرج۔ امریکا نے کووڈ 19میں سوشل میڈیا کے کردار سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا خوف و ہراس کی گرفت میں مبتلا ہے۔ سب کچھ غیریقینی ہے مگر اس صورتِ حال میں رابطے کے لیے سوشل میڈیا کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے اور آج ہم یہاں سوشل میڈیا کی وجہ سے ہی کانفرنس میں شریک ہیں جس نے اس وبائی دور میں مختلف ممالک کے درمیان سماجی رابطے کا حیرت انگیز کردار ادا کرکے خود کو بہت مستحکم کرلیا ہے۔مزید براں بی بی سی لندن کے معروف براڈ کاسٹر رضا علی عابدی نے علما یونی ورسٹی کی جانب سے منعقد کی جانے والی کانفرنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج پیش کیے جانے والے مقالے نہایت عمدہ تحقیق کے حامل تھے۔