رئیل اسٹیٹ سے وابستہ افراد کو متحد ہونے کی ضرورت ہے،راحیل ہارون

299

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل کراچی رئیلٹرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پہلی سالگرہ کی تقریب ناظم آباد میں منعقد کی گئی جس میں کراچی سمیت ملک بھر کے رئیل اسٹیٹ ڈیلر ایسوسی ایشن کے وفود نے شرکت کی۔ اس موقع پر AKRA کے چیئرمین راحیل ہارون نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سے وابستہ افراد کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ رئیل اسٹیٹ کے مسائل حل کرانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ صدر AKRA ایم رحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کی قلیل مدت میں رئیل اسٹیٹ کے لیے عملی کام کیے ہیں۔ اس سلسلے میں ان کی ٹیم نے بھرپور جدوجہد کی ہے۔ صدر آئی ای اے اے سردار طاہر محمود نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ جنرل سیکرٹری عرفان عالم نے کہا کہ ابتداء میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن عہدیداران اور کارکنان کی محنت سے کامیابی حاصل کی۔ فائونڈر سیف الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کنسٹرکشن انڈسٹری کو پیکیج کی فراہمی سے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تقریب میں چیئرمین آباد فیاض الیاس ، چیئرمین کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رئیل اسٹیٹ کمیٹی آصف سم سم ، صدر فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان اعجاز مسرت، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی آشکار داور نے شرکت کی اور خطاب میں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے وفد نے بھی شرکت کی بعدازاں قرعہ اندازی میں موٹرسائیکل اور عمرہ ریٹرن ٹکٹ دیا گیا جبکہ اس موقع پر آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔