بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرایا جائے گا، سلیم الدین قریشی

207

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے کہا ہے کہ تاجر و صنعتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیاد پر اقدام کیے جائیں گے۔ سبزی و فروٹ منڈی سے متعلق تمام انجمنیں چیمبر کی ممبر ہیں اُن کے مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور تاجروں کو جو حکام سے مسائل پیش آرہے ہیں اُن کو متعلقہ حکام سے حل کرانے کے اقدام کیے جائیں گے۔ وہ اونین و پٹاٹو ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں ایک نجی ریسٹورنٹ میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ اِس موقع پر سابق صدر حیدرآباد چیمبر حاجی محمد یعقوب نے کہا کہ چیمبر کی نئی منتخب قیادت نئے عزم کے ساتھ اقدام کررہی ہے اور اوّلین طور پر چیف کمشنر انکم ٹیکس ان لینڈ ریونیو حیدرآباد ریجن کو دعوت دی گئی اور اُن کے سامنے بزنس کمیونٹی کے انکم ٹیکس کے مسائل پیش کیے جو ایک اچھا شگون ہے۔ اونین و پٹاٹو ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ بزنس کمیونٹی کو درپیش کوئی بھی مسئلہ چاہے وہ چیمبر کے دائرہ اختیار میں ہو یا نہ ہو اُس کو حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس، حیسکو، بلدیاتی امور اور دیگر بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اِس سلسلے میں عہدیداران روزانہ کی بنیاد پر چیمبر میں آتے ہیں اور مسائل سننے کے بعد اُن کو حل کی جانب پیش رفت شروع کردی گئی ہے۔