اپیل مسترد سلیم ملک کو رویہ اچھا کرنا ہوگا،لاہور ہائی کورٹ

377

لاہور(جسارت نیوز)لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے انڈیپنڈینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر کی حیثیت سے سلیم ملک کی کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے لیے اپیل پر فیصلہ سنادیا ۔ سلیم ملک نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے فراہم کی گئی اپریل 2000 کی ایک گفتگو کے ٹرانسکرپٹ سے متعلق معاملے پر اپیل دائر کررکھی تھی۔ 11 صفحات پر مشتمل فیصلے میں جسٹس چوہان نے لکھا ہے کہ درخواست گزار (سلیم ملک)پی سی بی سے میچ فکسنگ یا سٹہ بازی کے معاملے پر پی سی بی کلیئرنس سرٹیفکیٹ مانگ رہے ہیں۔ ان کی پی سی بی سے یہ درخواست غیرفطری ہے۔درخواست گزارایک طرف توپی سی بی کے ماتحت قائم کرد ہ کرکٹ اکیڈمی میں ملازمت کی درخواست کررہے ہیں تو دوسری طرف اس سے این او سی بھی مانگ رہے ہیں، لہٰذا یہ استدعا قبول نہیں کی جاسکتی۔درخواست گزار کو اپنا رویہ اچھا کرنا ہوگا، درخواست گزارپی سی بی میں نوکری کے لیے این او سی نہیں مانگ سکتے۔ یہ اپیل نمٹائی جاتی ہے اورپی سی بی اس ٹرانسکرپٹ کی اوریجنل ٹیپس کی تصدیق کروائے بغیر اسے درخواست گزار کے خلاف استعمال نہیں کرسکتا۔ درخواست گزار کی بیٹنگ کوچ کے لیے درخواست پر پی سی بی اپنا فیصلہ کرے۔دریں اثنا پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کہتے ہیں کہ انڈیپنڈینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر نے سلیم ملک کی اپیل نمٹا دی ہے۔ جسٹس ر فضل میراں چوہان نے واضح کیا ہے کہ سلیم ملک کی جانب سے این اوسی کے اجراء کی استدعا منظور نہیں کی جاسکتی ، اس کے لیے سلیم کو ملک کو بہتررویہ پیش کرنا ہوگا۔