پی این ایف اکیڈمی نے نیٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا

324

کراچی (اے پی پی)پاکستان نیٹ بال فیڈریشن اور ایم این اے صائمہ ندیم پالیمینٹری سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ حکومت پاکستان کے زیر اہتمام اور آئی بی اے کراچی کے تعاون سے پنک اسپورٹس ڈے وومن نیٹ بال ٹورنامنٹ آئی بی اے کراچی میں منعقد ہوا جس میں خواتین کی 4 ٹیموں پی این ایف اکیڈمی ، سندھ نیٹ بال اکیڈمی، کراچی نیٹ بال اکیڈمی اور ایلیٹ نیٹ بال اکیڈمی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ پی این ایف اکیڈمی اور کراچی نیٹ بال اکیڈمی کے مابین کھیلا گیا جسے پی این ایف اکیڈمی نے 5 کے مقابلے 10 گول سے جیت لیا۔ تیسری پوزیشن کا میچ سندھ اور ایلیٹ ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جسے سندھ اکیڈمی نے 5 کے مقابلے 9 گول سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس ٹورنامنٹ کا افتتاح صائمہ ندیم پالیمینٹری سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ حکومت پاکستان نے کیا۔ اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی گورنر سندھ کی اہلیہ ریما اسماعیل تھیں جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیز ، سرٹیفیکٹ اور ایوارڈ تقسیم کیے۔ ٹورنامنٹ میں7 کھلاڑیوں کو آل اسٹار پلیئر کے ایوارڈ بھی دئیے گئے جن میں روقیہ مودی، نیشا سلطان، حمنہ مدثر، یمنہ سلطانی، اقرہ شفیق، مومل خورشید اور ایمن رحمن شامل ہیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ کی اہلیہ ریما اسماعیل نے شاندار خواتین نیٹ بال ایونٹ منعقد کرنے پر صائمہ ندیم اور مدثر آرائیں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے جیتنے والی کھلاڑیوں و ٹیموں کو بھی مبارک باد دی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، ایم این اے صائمہ ندیم، آئی بی اے سٹوڈینٹ اسپورٹس افئیرز کے چیئرمین ڈاکٹر دانش علی، اسپورٹس مینجر سید گوہر رضا، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے جوائنٹ سیکرٹری محمد ریاض، شازیہ یوسف، انوار احمد انصاری، کومل گبسن اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔