قائد اعظم ٹرافی، بلوچستان کے خرم شہزاد کی تباہ کن بولنگ، 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

243

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں حسین طلعت کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت سدرن پنجاب نے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ۔ ناردرن کی ٹیم تاحال اپنی دوسری اننگز میں 311 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں ناردرن کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کے ٹاپ آرڈربیٹسمین حسین طلعت نے 33 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 253 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر سدرن پنجاب کومیچ میں مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔ سدرن پنجاب نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 507 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔کپتان شان مسعود 134 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ناردرن کے نعمان علی نے 4 اور اطہر محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی طرح دوسرے میچ میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کے دوسرے روز فواد عالم کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت سندھ نے سینٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 196 رنز بنالیے جبکہ اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔
ا س سے قبل سینٹرل پنجاب کی ٹیم میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کے مجموعے میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرسکی اور پوری ٹیم 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جارہے تیسرے میچ کے دوسرے روز بلوچستان کے نام رہا۔ 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ میں مجموعی طور پر 229 رنز کی سبقت حاصل کرلی اور اس کی ابھی 9 وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان نے میچ کے دوسرے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو ان کی پوری ٹیم 362 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بسم اللہ خان 118 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کے پی کے اسپنر ساجد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں خالد عثمان اور کامران غلام کے علاوہ کے پی کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکا اور ان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بلوچستان کے خرم شہزاد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان یاسر شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ خالد عثمان 57 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔