بجلی نرخوں میں اضافہ واپس لیا جائے،صنعتکار

203

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( نکاٹی) کے صدر فیصل معز خان نے بجلی کے نرخوں میں اچانک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے بڑھائے گئے نرخوں کو مسترد کرتے ہوئے اضافہ فوری واپس لینے اور سابقہ نرخوں کے مطابق صنعتوں کو بجلی کے بل ارسال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔فیصل معز خان نے ایک بیان میں کہاکہ کے الیکٹرک نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے بجلی کے نرخوں میں 2 روپے87 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے اور صنعتوں کو بڑھائے گئے نرخوں کے مطابق بجلی کے بل بھیجے جارہے ہیں جس سے صنعتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ بجلی نرخوں میں مزید اضافے سے صنعتی پیداواری لاگت میں یکدم نمایاں اضافہ ہوجائے گا اور پیداواری لاگت بڑھنے سے برآمدکنندگان بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کے قابل نہیں رہیں گے جو کہ ملکی برآمدات میں کمی کا باعث ہو سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ کے ای بجلی کے نرخوں میں اضافے سے پہلے صنعتکاروں اور اسٹیک ہولڈرز بشمول نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری ( نکاٹی) کو ضرور اعتماد میں لے اور نرخوں میں اضافے کی حقیقی وجوہات کا تبادلہ کرے تاکہ صنعتکار برادری پیداواری لاگت کا تخمینہ سیٹ کرسکیں کیونکہ مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کے ای کے چارجز سمیت دیگر اخراجات کو شامل کرکے پروڈکٹ کی لاگت کا تعین کیا جاتا ہے تاہم یوٹیلیٹیز سروسز کے چارجز میں اچانک اضافہ کیے جانے سے یقینی طور پر صنعتکاروں کو مالی نقصانات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔