پرانی یا مصنوعی قیادت ایم کیو ایم کی جگہ نہیں لے سکتی،خالد مقبول

231

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آزادی جب تک احساس بن کر مجھ میں نہیں تو نہ میں آزاد ہوں اور نہ میری قوم
آزاد ہے، ہم اپنے حصے کا پاکستان اپنے ساتھ لے کر یہاں آئے تھے۔ پرانی قیادت یا مصنوعی قیادت ایم کیوایم کی جگہ نہیں لے سکتی۔ وہ مہران آرٹس کونسل میں یوتھ کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ ایم کیوایم اپنی قوم کیلیے اس وقت کشتی نوح ہے، قوم نے ہمیں مسترد کیا تو قوم کے 30 سال ضائع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری تحریک ہمارے اور آپ کیلیے نہیں بلکہ قوم کے حقوق کیلیے ہے جس کیلئے ہم آخری وقت تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج مہاجروں کے حوالے سے طرح طرح کی بات کی جاتی ہیں لیکن ہمارے آباؤ اجداد کا قدم اس زمین پر پڑا تو یہ حصہ پاکستان بن گیا۔ ہم اپنے حصے کا مکان، زمین اور کاروبار اپنے ساتھ پاکستان لائے تھے، ہم سندھ کی 60فیصد زمینوں کے مالک تھے لیکن آج ہمارے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ کسی نے ہمارے ساتھ انصار مدینہ والا سلوک کیا ہے تو میں معذرت کے ساتھ کہوں گا ایسا نہیں ہے۔ ہم دینے والا ہاتھ ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ ہاتھ فراغ دل ہوتا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان نہ قابل تسخیر ہوجائے اور ایسا اس وقت ہوگا جب پاکستان موروثی سیاست سے پاک ہوجائے۔