حیدرآباد: چپ تعزیہ ، شہر سیل ، موبائل سروس بند زندگی مفلوج

387

 

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر) حیدرآبادمیں چپ تعزیہ کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات ، موبائل سروس بند،شہر کا مرکزی علاقہ سیل،زندگی مفلوج۔ حیدرآباد میں چپ تعزیہ کا جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام قدم گاہ مولا علی ؓسے برآمد ہوا جہاں سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ جلوس کے راستوں کو خار دار بارڑ لگا کر سیل کیا گیا تھا اور قدم گاہ سے واک تھرو گیٹ کے ذریعے داخلہ تھا جہاں پولیس اوررضا کاروںنے جلوس میں شامل ہونے والوں کی جامہ تلاش لی تاہم ایس او پیز پر عمل درآمد کا کوئی انتظام نہیں تھا اور بیشتر لوگ بغیر ماسک کے داخل ہورہے تھے۔چپ تعزیہ کے موقع پرپولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ،جلوس کے اطراف تمام راستوں کو خاردار تاروں اور قناتوں سے بند کردیا گیا تھا جبکہ آنے والے راستوں پر شرکا کی مکمل تلاشی لی جاری تھی۔جلوس کی CCTV کیمروں کے ذریعے خفیہ نگرانی کیلیے مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا تھا۔جلوس کی نگرانی ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو بذات خود کر رہے تھے ۔جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گذرتا ہوا کربلا دادان
شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا اس دوران شہر بلخصوص جلوس کی گذر گاہ کے علاقوں میں موبائل سروس معطل رہی۔چپ تعزیہ کے موقع پرحیدرآباد انتظامیہ نے غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کرکے اسکول کے بچوں اور والدین کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔شہر کی اہم شاہراہوں کو صبح ہی سے خاردار تار اور شامیانے لگا کر جلوس کے باعث بند کردیا گیا تھا۔ صبح سویرے اسکولوں کو جانے والے بچے واپسی پر پریشان نظر آئے۔جبکہ شہربھر میں ٹریفک جام رہا۔شہری حلقوں نے اس صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم ازکم انتظامیہ کو ایک روز پہلے ہی اعلان کردینا چا ہیے تھا کہ صبح مخصوص علاقوں میں کرفیو لگایا جائیگا تاکہ اسکول جانے والے بچے اور شہری پریشانیوں سے دوچار نہ ہوتے۔