ٹھٹھہ، گھوڑا باری کے قریبی گائوں کا روڈ تعمیر نہ ہوسکا

51

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) گھوڑا باری کے قریبی گائوں کا روڈ تعمیر نہ ہوسکا، ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر فرار، گائوں کے رہائشیوں کا احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی۔ گھوڑا باری کے قریبی گائوں بچو ماجریو کا روڈ اب تک تعمیر نہ ہوسکا، ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر فرار ہوگیا، جس کیخلاف گائوں کے سیکڑوں افراد نے مکلی پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر محمد ماجریو، محمد حسن، رمضان اور شکور ماجریو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گائوں بچو ماجریو کا 3 کلو میٹر روڈ منظور ہوا تھا مگر ٹھیکیدار صرف روڈ پر مٹی ڈلوا کر کر گم ہوگیا، راستہ کچا ہونے کی وجہ سے گائوں کے لوگوں کو شہروں تک جانے مریضوں کو اسپتال لے جانے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہم نے کئی دفعہ ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کو شکایتیں کیں مگر ٹھیکیدار کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکی نہ ہی روڈ کا کام شروع ہوسکا، جس کی وجہ سے ہمیں سخت مشکلات اٹھانا پڑ رہی ہیں۔ انہوں نے ڈی سی ٹھٹھہ اور دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گائوں کے روڈ کا کام مکمل کرایا جائے اور سرکاری خزانے کو لوٹ کر لاپتا ہونے والے ٹھیکیدار کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔