میہڑ ، یونین کونسل فریدآباد اور مسافر خانہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

165

میہڑ (نمائندہ جسارت) میہڑ کاچہو کی تاریخی یونین کونسل فرید آباد شہر اور مسافر خانہ گندگی سے بھر گیا، یونین کونسل کے لیے مقرر ایڈمنسٹریٹر اور یوسی سیکرٹری کی عدم توجہ کے باعث مسافر خانہ تباہ ہوگیا جبکہ علاقہ مکینوں نیاز حسین چانڈیو، پیر محمد ڈیرو، سکندر بروہی، شبیر کرٹیو اور دیگر نے نیشنل پریس کلب میہڑ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میہڑ تحصیل کی بڑی اور کاچہے کی یونین کونسل فرید آباد انتہائی گندگی کے باعث پورا شہر تباہ ہوگیا ہے، تاریخی مسافر خانہ گندگی کی لپیٹ میں آنے کے باعث بند ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اولیاء درگاہ شاہ گودڑیو پر دور دراز سے آئے مسافر بھی اس مسافر خانے میں رہتے ہیں۔ مسافر خانے کا 22 لاکھ بجٹ آیا تھا،، صرف دو کمرے بنائے گئے جو نالوں کے گندے پانی سے تباہ ہوگئے۔ چیئرمین کا ٹایئم پورا ہونے کے بعد مقررہ ایڈمنسٹریٹر مختار کار میہڑ اللہ بخش مگسی اور یوسی سیکرٹری سکندر سولنگی نے دو ماہ سے فرید آباد نہیں دیکھا، جبکہ حکومت کی نااہلی کے باعث سیکرٹری سکندر سولنگی کو پانچ یونین کونسل کا چارج دیا گیا ہے جو سراسر ظلم ہے، ایک یونین کونسل کو نہ سنبھالنے والا سیکرٹری پانچ یونین کونسل کے عوام کو کیسے اپنا حق دلوائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ پانچ لاکھ بجٹ سیکرٹری مختار کار مل کر علاقہ کے بااثر وڈیروں اور پی پی عہدیداروں میں تقسیم کر کے پورا بجٹ ہڑپ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ڈی سی دادو اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ان بدعنوانوں کیخلاف نوٹس لے کر قانونی کارروائی کر کے تاریخی مسافر خانے اور فرید آباد شہر کو تباہی سے بچایا جائے۔ دوسری جانب احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔