جہاں سے خطرہ ہوگا وہاں میدان جنگ بنادیں گے‘ بھارت کی دھمکی

314

نئی دہلی(آن لائن) بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بننے والے ممالک کی سرزمین پرجنگ لڑیں گے اجیت دوول اپنے بیانیے کو’’ نیوانڈیا‘‘ کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ ان ممالک کی سرزمین تک لے جائیں گے جہاں سے یہ خطرات سر اٹھارہے ہیں۔ نئی دہلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر نے دعوی کیا کہ بھارت نے پہلے کبھی حملہ نہیں کیا، ہمیشہ اپنے دفاع میں کارروائی کی انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ میں پہل نہ کرنے کے ماضی کے نظریئے میں تبدیلی کررہا ہے اور نیو انڈیا ڈاکٹرائن کے تحت جہاں سے خطرہ ہوگا وہاں میدان جنگ بنادیا جائے گا۔اجیت دوول نے کہا کہ بھارت ایک مہذب ملک ہے اس کی بنیاد کسی مذہب، زبان یا فرقے کی بنیاد پر نہیں اس قوم کی بنیاد ثقافت ہے۔ ۔ بعدازیںبھارتی حکومت نے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کی جارحیت سے بھرپور دھمکیوں کے بعد وضاحتی بیان میں کہا کہ دوول نے تقریر میں کسی ملک کا حوالہ نہیں دیا ہے. بھارتی حکام نے اپنی وضاحت میں کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کی تقریر چین سے متعلق یا کسی مخصوص صورتحال کیلئے نہیں تھی اور نہ ہی وہ تقریر میں کسی ملک کا حوالہ دے رہے تھے۔دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق اجیت دوول لداخ میں چین کے ہاتھوں بھارت کو ہونے والی ہزیمت کا انتقام لینا چاہتے ہیں ساتھ ہی ساتھ وہ پاکستان کو بھی سبق سکھانے کے درپے ہیں۔علاوہ ازیں مودی کی قوم پرست سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک سینئر رہنما سواتنترا دیو سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ کیلیے تاریخ طے کرلی ہے۔ ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بی جے پی رہنما سواتنترا دیو سنگھ نے پارٹی کارکنان کے اجلاس سے بات چیت کرتے ہوے کہا ان کا کہنا تھا کہ رام مندر اور آرٹیکل 370 کے فیصلوں کی طرح نریندر مودی فیصلہ کرچکے ہیں کہ پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ کب کی جائے گی۔