کشمیرمیں لاک ڈاؤن بھارتی ہٹ دھرمی ہے،دردانہ صدیقی

198

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیریوں کی زندگی کا وہ سیاہ دن ہے جب غاصب بھارت نے کشمیر میں غیر قانونی فوج اتار کر کشمیریوں کی آزادی پر شب خون مارا۔ 73 سال گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنی شخصی آزادی اور اجتماعی حقوق سے محروم ہیں۔ ہزاروں سپوت آزادی کی خاطر اپنی جان قربان کر چکے اور سیکڑوں جوان جیلوں میں قید ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب ایک سال سے ان کو اپنے گھروں تک محدود رہنے پر مجبور کر دیا گیا ہے ،ان کے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں۔ اسکول بند ، طلبہ و طالبات تعلیم سے محروم ہیں، بیمار بچے بھوک سے سسک سسک کر مر رہے ہیں ، معصوم اور بے بس کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں جینے کے حق سے بھی محروم کر دیا جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،کشمیر کے بغیرپاکستان نامکمل ہے ۔اقوام متحدہ کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ مجرمانہ خاموشی توڑتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے جاری لاک ڈاؤن اور ظلم وتشدد کا سلسلہ فوری طور پر بند کرائے اورکشمیر کے مستقبل کا فیصلہ شفاف رائے شماری کے ذریعے کرائے۔