گستاخانہ مواد کیخلاف اقوام متحدہ سطح پر قانون سازی کی جائے، طاہر اشرفی

225

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف او آئی سی سے بھر پور آواز اٹھانے اور اقوام متحدہ کی سطح پر قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، فرانسیسی حکومت کو توہین آمیز خاکوں کی سرپرستی بند کرنی چاہیے اور مستقل بنیادوں پر گستاخی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انبیاء کی توہین کرنے والا امن پسند نہیں ہو سکتا۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دل زخمی ہیں، حضورِ اکرم ؐکی ذات سے بڑھ کر ہمیں اور کوئی عزیز نہیں، حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک سے رابطے میں ہے،اس وقت جو مؤقف حکومت نے اپنایا ہے، اسے عالم اسلام اور عرب ممالک میں سراہا جا رہا ہے، اس کی تائید کی جا رہی ہے۔ ہمارے وزیر خارجہ، وزیر اعظم اور میں مسلم اور غیرمسلم ممالک کی قیادتوں سے ملاقات کریں گے۔