حلیم عادل کو نااہل قرار دینے کی درخواست، ای سی پی کا جواب جمع

225

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے طریقے اور رولز کے خلاف پاکستان مسلم لیگ(ن) کی درخواست مسترد کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو نااہل قرار دینے سے متعلق دائر درخواست پر الیکشن کمیشن نے جواب داخل کرا دیا، جس میں کہا گیا کہ اگر حلیم عادل شیخ نے جان بوجھ کر اپنی بیٹیوںکے نام اور اخراجات چھپائے ہیں تو قانون کے مطابق نااہل ہوں گے۔ سندھ ہائیکورٹ نے تھرپارکر میں بھارتی ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کی نشریات پر پابندی سے متعلق دائر درخواست پر وفاقی و صوبائی حکومت، وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات و نشریات اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے 2015ء کے بلدیاتی انتخابات اور رولز کے نوٹیفکیشن کے خلاف پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے لاء آفیسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انتخابات کا شیڈول جاری ہونے سے پہلے رولز بنائے گئے تھے، جن رولز کے مطابق 2015ء میں انتخابات کرائے گئے انہی کے مطابق نئے انتخابات بھی ہوں گے۔ جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے اپنی مدت پوری کرچکے ہیں، اب نوٹیفکیشن کو کیسے کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے؟ کافی عرصے سے درخواست زیر سماعت ہے، عدالت کا وقت ضائع نہ کیا جائے، بعد ازاں عدالت نے درخواست مسترد کردی۔