ایچ ڈی او کا حافظ نعیم کو حقوق کراچی تحریک چلانے پر خراج تحسین

271

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں ہیومن ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایچ ڈی او)کے صدر رانا آصف حبیب کی قیادت میں آنے والے معذور افراد کے ایک وفد نے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کے تحت جاری حقوق کراچی تحریک پر خراج تحسین پیش کیا اور جماعت اسلامی کے تحت شہری مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششو ں کو سراہااورجماعت اسلامی کی ’’کراچی کو حق دو ‘‘ تحریک میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پرسیکرٹری کراچی عبدا لوہاب ، ڈپٹی سیکرٹری کراچی یونس بارائی ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ،نائب صدر نصیر اللہ حسینی ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے معذور افراد کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی مسائل کے حل کے لیے ساتھ دیں گے ۔ جماعت اسلامی کے تحت عوامی ریفرنڈم میں معذور افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنے۔انہوں نے کہاکہ الخدمت کے تحت کراچی میں رہنے والے معذوروں کی امداد کی جاتی ہے اور ان کے مسائل حل کیے جاتے ہیں ، الخدمت ایک این جی او ہے ،اصل ذمے داری حکومت کی ہے کہ معذور افراد کے لیے ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے مسائل کو حل کیا جائے ،جماعت اسلامی کی ’’کراچی کو حق دو‘‘ تحریک جاری ہے ،ہم جماعت اسلامی کی ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔رانا آصف حبیب نے کہاکہ شہر کراچی میں عام شہریوں کی طرح معذور افراد بھی بے شمار مسائل کا شکار ہیں ، اس میں نمایاں کے الیکٹرک کی جانب سے معذور افراد کی زندگی اجیرن کرناہے ، بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے معذور افراد بجلی کا بل دینے سے قاصر ہیں ، غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے معذوروں کو شدید مشکلات کا سامناہے ۔معذور طبقہ جو کہ پہلے ہی معاشرے میں بوجھ تصور کیا جاتا ہے ان کے لیے یہ صورتحال مزید مسائل کا سبب بنے گی ۔انہوں نے کہاکہ شہر میں معذور افراد بھی عام شہریوں کی طرح تعلیم ، صحت ، ٹرانسپورٹ ،پینے کے پانی کی عدم فراہمی سمیت بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ، جماعت اسلامی اس وقت کراچی کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور کراچی کے 3 کروڑ عوام کی ترجمانی کررہی ہے ۔ہم جماعت اسلامی سے پر امید ہیں کہ وہ کراچی کے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ معذور افراد کے مسائل کے حل کے لیے بھی جدوجہد کرے گی ۔