کشمیریوں کی تیسری نسل بھارت کیخلاف لڑ رہی ہے، سراج الحق

42

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے 27اکتوبر 1947ء کوکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی طرف سے منائے جانے والے یوم سیاہ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت 74سال سے تمام تر ظلم و جبر اور فسطائیت کے باوجود کشمیر یوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا اور نہ کبھی ہوسکتا ہے ۔کشمیریوں کی تیسری نسل بھارت کے خلاف آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے ۔اقوام عالم کا یہ فرض ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیری مسلمانوں کے قتل عام ،جیلوں، انٹروگیشن سینٹروں اورٹارچر سیلوں اورعقوبت خانوں میں انسانیت سوز مظالم کے باوجود بھارتی فوج کو پے درپے شکست اور ہر جگہ مزاحمت کا سامنا ہے ۔ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔بھارت کو آج نہیں تو کل کشمیریوں کے جذبہ آزادی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے ۔