افغانستان میں جو بھی حکومت آئی اس کے ساتھ کام کریں گے، وزیراعظم

260

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جو بھی حکومت آئی اس کے ساتھ کام کریں گے.

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پاک افغان تجارت اور سرمایہ کاری فورم 2020  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان کے تعلقات کی ایک تاریخ ہے، افغانستان میں 40 سال سے انتشار ہے اور افغانستان کے انتشار کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ہے جبکہ افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا.

انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد افغانستان اور پاکستان میں شک و شبہات پیدا ہوگئے جبکہ ماضی سے انسان سیکھتا ہے، پھنستا نہیں ہے اور سب کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں امن ہو، وقت آگیا ہے احساس کریں ماضی میں کیا کھویا کیا پایا.

وزیراعظم نے کہا کہ افغانی عوام جس کو چاہے منتخب کرے، پاکستان منتخب افغان حکومت کے ساتھ کام کرے گا اور افغانستان کی تاریخ کے باہر سے کوئی دخل اندازی نہیں کرسکتا جبکہ افغانستان میں کبھی بیرونی مداخلت کامیاب نہیں ہوئی.

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت میں مسلمانوں سے جو سلوک ہو رہا ہے وہ کبھی نہیں ہوا، بھارت میں مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت ہے، پاکستان کو خدشہ ہے بھارت افغانستان کو ہمارے خلاف غیر مستحکم کرنے کیلیے استعمال کرے گا جبکہ آر ایس ایس نظریاتی طور پر ہمارے خلاف ہے.

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ تجارت کے ذریعے خطے میں خوشحالی آئے گی اور فیصلہ کیا ہے پاکستان کو صنعت کی طرف لے کر جانا ہے اور تجارت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم افغانستان سے تجارت کیلیے کامرس چیمبر سے تعلقات بڑھانے کو کہا گیا ہے.