شادی ہال مسمار کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ،حافظ نعیم کا مطالبہ

786

کراچی : امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے  ہوئے کہا کہ شادی ہال مسمار کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ،شادی ہال سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میرج ہال ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس احمد کی قیادت میں ملاقات کے موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پہلے ہی کورونا وائرس کی وبا میں 6ماہ سے شادی ہال بند رہے، جس کے باعث شادی ہال کے مالکان کو کافی مالی نقصان کا سامنا کرناپڑا۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کراچی کے شہری مہنگائی اور بے روزگاری میں مبتلا ہیں اگر شادی ہال مسمار کردیے گئے تو مزید بے روزگاری میں اضافہ ہوگا، یہ ہال قبضے کی زمین پر نہیں ،دیکھ لیا جائے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط استعمال تو نہیں کیاجارہا ،شادی ہال کے مالکان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کا موقع دیا جائے۔

وفد نے بتایا کہ کورنگی کراسنگ سے ناصر جمپ تک قائم 20سال سے قائم شدہ شادی ہال کو مسمار کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں، حالانکہ شادی ہال کے مالکان کے پاس مالکان حقوق موجود ہیں اور دوسال قبل مالکانہ حقوق کی تجدید بھی کروائی تھی۔