صفائی ستھرائی کا عمل یقینی بنایا جائے ،حماد این ڈی خان

309

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت) صفائی ستھرائی کا عمل یقینی بنایا جائے گا ، غیر حاضر ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، جلد سومرا محلہ ڈرینج کا مسئلہ حل ہوجائے گا ، شہری میونسپل عملے کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں میونسپل انتظامیہ سے رابطہ کریں ، چیف میونسپل آفیسر حماد این ڈی خان کاسومرا محلہ ڈرینج اسکیم دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان کے چیف میونسپل آفیسر حماد این ڈی خان نے سومرا محلہ ڈرینج اسکیم پر جاری کام کا معائنہ کرنے کے سلسلے میں اچانک ڈرینج اسکیم کا دورہ کیا اور جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم یہاں کام کرنے آئے ہیں اور ٹنڈومحمدخان کے صفائی ستھرائی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ، شہر میں صفائی ستھرائی اور ڈرینج لائنوں کی صفائی کے حوالے سے متعدد شکایتیں موصول ہوئیں جن پر فوری طور پر کام کیا گیا ، ٹنڈومحمدخان کے گلی محلوں ، بازاروں اور شاہراہوں کو صاف ستھرا رکھنا ہماری اولین ذمے داری ہے ۔ ٹنڈومحمدخان کے میر غلا م علی پارک کو مزید بہتر بنانے کیلیے کام کیا جارہا ہے ،میونسپل کمیٹی ٹنڈومحمدخان کے ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلیے کام کیا جارہا ہے ، غیر حاضر ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور کام نہ کرنے والے ملازمین کی تنخواہ بند کی جائے گی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ انجینئر وقار احمد پوہڑ ، چیف سینیٹری انسپکٹر سکندر بھٹی ، غلام رسول رند ، فہیم جمالی اورصالح بھٹی ودیگر بھی موجود تھے۔