میرپورخاص ایس ایس پی آفس میں قائم شکایتی سیل غیر فعال

268

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں قائم شکایتی سیل غیر فعال ہو کر رہ گیا ہے،شہریوں کی جانب سے ایک سال قبل دی گئی درخواستوں پر تاحال کوئی کارروائی نہیں ہو سکی ہے،شکایتیسیل کو ایک ماہ میں شکایات کا ازالہ کرنے کا پابند کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی عام شکایات کا ازالہ کرنے کیلیے آئی جی سندھ کی جانب سے چند سال قبل صوبے کے تمام اضلاع میں ایس ایس پیز آفسز میں شکایتی سیل قائم کر کے شہریوں کی شکایات کا ایک ماہ میں ازالہ کرنے کا پابند بنایا گیا تھا اور شکایتی سیل میں ایک درجن کے قریب پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہیں لیکن شکایتی سیل غیر فعال ہے، شہریوں کی جانب سے ایک سال قبل دی گئی درخواستوں پر تاحال کوئی کارروائی نہیں ہو سکی ہے اور درخواست گزار شہری روزانہ کی بنیاد پر شکایتی سیل کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ان کی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے اور درخواست گزاروں کو لولی پاپ دے کر روانہ کر دیا جاتا ہے ۔میرپورخاص کے درخواست گزاروں نے آئی جی سندھ،آرپی او حیدرآباد،ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص سے اپیل کی ہے کہ شکایتی سیل میں دی گئی درخواستوں کا فوری ازالہ کرنے کے احکامات جاری کریں اور کام نہ کرنے والے شکایتی سیل میں اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر کام کرنے والے افسران اور اہلکار کو تعینات کر کے شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔