پی ٹی آئی کی حکومت پولیو زدہ ہوچکی ہے،عبدالجبارخان

233

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جو کہ بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں آئی تھی اب پولیو زدہ ہوگئی ہے اور اس نے عوام کو وینٹی لیٹر پر ڈال دیا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر پاکستان میں بھوک اور بدحالی کے ہاتھوں لوگوں کی صورتحال ایتھوپیا جیسی ہوجائے گی۔ وہ اپنے حلقے میں پارٹی ورکرز اور حلقے کے عوام سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ عبدالجبار خان نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کامیاب جلسوں نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ عوام موجودہ حکومت کیخلاف ہے اور اسے فوری رخصت کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے اخلاقی طورپر عمران خان اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر چلے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے اس حکومت نے عوام کو جتنے سبز باغ دکھائے تھے وہ سب ریت کے ڈھیر ثابت ہوئے ، عوام بھوک، بدحالی، بیروزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر انتہائی ابتر زندگی گزار رہے ہیں ، صنعتکار ، تاجر موجودہ حالات سے دلبرداشتہ ہوگئے ہیں ، کسی طرح کا کوئی ریلیف نہیں کیونکہ حکومت انتقامی کارروائی اور سیاسی انتقام کے علاوہ اس ملک میں کوئی اور کام نہیں کررہی ، اگر عوام کو فوری طورپر ریلیف نہ ملا تو عوام سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کریں گے اور پورا ملک افراتفری اور بدامنی کی لپیٹ میں آجائے گا اس لیے فوری طورپر ملک میں نئے انتخابات کرواکر اقتدار جمہوری قوتوں کے حوالے کیا جائے۔