قنبرعلی خان ،اسد علی عمرانی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف احتجاج

82

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی (ش ب) کے مرکزی رہنما شہید اسد علی عمرانی کے بیگناہ قتل اور دوسالوں سے قاتلوں کو تاحال گرفتار نہ کرنے کے خلاف پیپلزپارٹی (ش ب)قنبرعلی خان کی جانب سے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی سربراہی اللہ ڈنوگوپانگ ، برکت علی میرجت ،مختار احمد بروہی ،طالب حسین گوپانگ اورعبدالمجید سیال سمیت دیگر رہنما کررہے تھے۔ کارکنان شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے پریس کلب پہنچے جہاں احتجاجی مظاہرین نے دھرنادیا۔ اس موقع پر اللہ ڈنوگوپانگ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دو سال قبل کراچی پولیس نے ہمارے مرکزی رہنما اسد علی عمرانی کو اپنے گھر سے بیگناہ گرفتار کرکے ان کو سخت اذیتیں دیکر بے رحمانہ اور بہیمانہ تشدد کانشانہ بناکر ایک جھوٹے پولیس مقابلے میں قتل کردیا۔انہوںنے کہاکہ شہید اسد علی عمرانی کے مبینہ قتل اور اس قتل میں ملوث تمام پولیس افسران واہلکاران کی گرفتاری کیلیے ہم مسلسل دوسالوں سے سراپا احتجاج ہیںمگرسندھ کے حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت سندھ قاتل پولیس کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ہمارے رہنمائوں کو ایک مبینہ سازش کے تحت چن چن کے قتل کیا جارہاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوںنے حکومت سندھ کو خبردار کیاکہ شہید اسد علی عمرانی کے قتل میں ملوث تمام قاتلوں کو گرفتار کرکے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے بصورت دیگر احتجاج کے دائرے کو سندھ بھر میں وسیع کیا جائے گا۔