سرمایہ داروںنے محنت کشوں کا استحصال کیا ہے، شمس الرحمن سواتی

270

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں نے محنت کشوں کا استحصال کیا ہے۔ 70 سال سے پاکستان میں مخصوص اشرافیہ کی حکمرانی ہے، تحریک انصاف نے اپنے منشور سے انحراف کیا ہے، 7 کروڑ مزدوروں نے اپنے ووٹ کے ذریعے سانپوں کو دودھ پلایا ہے۔ ظلم اور استحصال کے نظام کے خلاف بغاوت کرنا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے تحت نیشنل میوزیم آڈیٹوریم میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ بن رضی، نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد ایوب خان، آئی ایل او کے پروگرام آفیسر سید صغیر بخاری، سندھ لیبر فیڈریشن کے صدر محمد شفیق غوری، عدالت عظمیٰ کے وکیل سید شعاع النبی ایڈووکیٹ، این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان، جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال، نائب صدور محمد خالق، محمد سلیم، جوائنٹ سیکرٹریز اشتیاق احمد، امیر اعوان، ارشاد بھٹو، محمد زبیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ آزادی کے بعد پاکستان میں جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کا قبضہ ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام نے غریبوں کا استحصال کیا ہے اور اس نظام نے غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور بھوک میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی دنیا کو چین اور سکون فراہم کرسکتا ہے۔ محنت کشوں کو ربیع الاول کے مہینہ میں محمد عربیﷺ کے نظام کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی اور ایک نئے عزم اور ولولے کے ساتھ میدان عمل میں اترنا ہوگا۔ مدینہ کا حقیقی نظام ہمارے مسائل کا واحد حل ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن 7 کروڑ محنت کشوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے بھی اپنے نعروں اور دعووں سے انحراف کیا ہے اور ملک میں غربت اور مہنگائی کا اضافہ کیا ہے۔ مہنگائی نے غریبوں کی چیخیں نکلوادی ہیں اور لوگ مہنگائی کے طوفان سے تنگ آگئے ہیں۔ ایک کروڑ نوکری دینے کے دعوے داروں نے محنت کشوں کو بیروزگار کردیا ہے۔ آج پاکستان اسٹیل سمیت دیگر قومی اداروں کو نجکاری کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے۔ قومی اداروں کی نجکاری سے ملک میں بیروزگاری کا طوفان آئے گا۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک پاکستان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ حکمراں غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور محنت کشوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کے خلاف احتجاجی تحریک چلائے گی اور ہم ظلم کے نظام کے خاتمے کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ محنت کشوں کو اپنی طاقت اور قوت کا احساس ہونا چاہیے۔ محنت کش اور بیدار ہوگئے تو دنیا کی کوئی طاقت ان کا استحصال نہیں کرسکے گی۔ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے کہا کہ محنت کش اللہ کا دوست ہے لیکن آج سب سے زیادہ ظلم اور جبر محنت کشوں کے ساتھ ہی کیا جارہا ہے۔ محنت کشوں کو وقت کے فرعونوں اور ابوجہل کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا ہوگا اور لوگوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرانا ہوگا۔ شاہد ایوب خان نے کہا کہ این ایل ایف سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف عملی جدوجہد کررہی ہے اور ہم محنت کشوں کو استحصالی نظام کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع کررہے ہیں۔ آئی ایل او کے پروگرام آفیسر سید صغیر بخاری نے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ پاکستان میں لیبر قوانین پر عمل نہیں کیا جارہا اور اس کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ ہماری اس پر نظر ہے اور ہم محنت کشوں کے تعاون سے لیبر قوانین کے نفاذ اور اس کی بہتری کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان نے کہا کہ این ایل ایف محنت کشوں کی ذہنی اور فکری تربیت کیلئے اس طرح کے تربیتی پروگرامات منعقد کرتی ہے اور ان پروگرامات کا مقصد محنت کشوں میں آگاہی اور شعور فراہم کرنا ہے۔ ممتاز اسکالر اور سپریم کورٹ کے وکیل سید شعاع النبی ایڈوکیٹ نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کے بغیر استحصالی نظام کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ محنت کشوں کو قانونی رہنمائی کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ پاکستان میں لیبر قوانین کے عملی نفاذ کیلئے این ایل ایف کو بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔ سندھ لیبر فیڈریشن کے صدر شفیق غوری نے کہا کہ محنت کشوں کو لیبر قوانین کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل ہونی چاہیے۔ ٹریڈ یونین رہنما کو جذبات کے بجائے دل اور دماغ کے ساتھ فیصلے کرنے چاہیے۔ مزدور تحریک آج آئی سی یو میں ہے۔ اس میں جان پیدا کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔ قاسم جمال نے کہا کہ این ایل ایف محنت کشوں کی ترجمان ہے اور ہم صنعتی اداروں میں ٹھیکیداری نظام کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ محمد خالق نے کہا کہ محنت کشوں کو نئی صف بندی کرنا ہوگی۔ محمد سلیم نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام نے محنت کشوں کو دیوار سے لگادیا ہے۔ امیر اعوان نے کہا کہ محنت کشوں کے ادارے سرمایہ داروں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ اشتیاق احمد نے کہا کہ محنت کشوں کو ظلم کے نظام کے خلاف بغاوت کرنی ہوگی۔ ارشاد بھٹو نے کہا کہ این ایل ایف محنت کشوں کی ترجمان ہے اور این ایل ایف نے مزدوروں کیلئے عملی جدوجہد کی ہے۔ محمد زبیر نے کہا کہ ٹھیکداری نظام محنت کشوں کا استحصال کررہا ہے۔