پیغمبر اسلام ؐ کی بے حرمتی کرنیوالے دنیا کے امن سے کھیل رہے ہیں‘علما

159

فیصل آباد(صباح نیوز)انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان اور مرکزی علما کونسل پاکستان نے فرانس کے صدر کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے فیصلے اور تشہیر کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پیغمبر اسلامؐ کی بے حرمتی کرنے والے دنیا کے امن کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔جامع مسجد علی المرتضیٰ ملت ٹاؤن میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئیمولانا محمد الیاس چنیوٹی اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے اس عمل کو پریس یا فن کی آزادی سے تعبیر کرنے والے دہشت گرد ہیں، فرانسیسی صدر کا اس معاملے کو آزادی اظہار رائے کا بیان دینا قابل مذمت ہے، اظہار رائے کے نام پر فرانس کے صدر کا مضموم اقدام مجرمانہ اور غیر ذمے دارانہ ہے،شعائر اسلام کی توہین بند کی جائے، پیغمبر اسلامؐ کے خاکے بنانے والوں اور ان کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، مغرب میںمسلمانوں پر حجاب، قرآن، مساجد، اسلامی تعلیمات، اسلامی شعائر کے خلاف منفی پروپیگنڈا بند کیا جائے،او آئی سی اس سلسلے میں موثر اقدام کرے، حکومت پاکستان امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کے جذبات فرانس تک پہنچائے۔