بہاریوں نے جانیں دیکر آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا،مقررین

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محبان پاکستان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان بہاری مسلمان تاریخ کے آئینے میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 میں منعقد ہوا جس سے سابق چیف جسٹس وجیہ الدین احمد پاک فضائیہ کے عالمی شہرت یافتہ شاہین ایم ایم عالم کے بھائی ممتاز عالم و دیگر مقررین نے سانحہ بہار1946ء کو تحریک پاکستان کاایک دردناک باب قرار دیا، جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمد نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بہاریوں کے ساتھ بہت سے معاملات میں بالخصوص شناختی کے اجراء میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں جو انتہائی افسوناک بات ہے، بہاری برادری نے قیام پاکستان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے دیکر آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ممتاز انصاری نے کہا کہ قیام پاکستان کا معرکہ ہویا 1971ء میں دفاع پاکستان کا معرکہ ہم ہر معرکے میں سرخرو رہے ،لیکن آج پاکستان میں ہماری حب الوطنی اور پاکستان پرستی کی ناقدری کی جارہی ہے۔ میجر ریٹائرڈ مسرت عبدالخالق اور میجر عامر رحمن سید نے اپنے خطاب میں بہاری برادری کو متحد ہوکر اپنے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنے پر زور دیا جبکہ ممتازعالم نے اپنے صدارتی خطاب میں سانحہ بہار 1946ء اور سانحہ مشرقی پاکستان میں بہاریوں کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔