پنجاب حکومت اور ن لیگ نے اورنج لائن ٹرین کا الگ الگ افتتاح کر دیا

148

لاہور (صباح نیوز)پنجاب حکومت اور ن لیگ نے اورنج لائن ٹرین کے الگ الگ افتتاح کردیے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اورنج لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت لاہور میں اورنج لائن میٹر ٹرین چلنے کو تیار ہیں‘ حکومت پنجاب اور عوام کی طرف سے چین کا شکریہ ادا کرنا ضروری ہے ‘ تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے‘ سابق حکومت کے چھوڑے ہوئے 1115 ارب کے پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں‘ عالمی منظر نامے میں تبدیلی کے باوجود پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوئی‘ سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کر ماضی کے منصوبے مکمل کر رہے ہیں‘ اورنج لائن ٹرین سے عالمی معیار کی سفری سہولیات ملیں گی‘ پنجاب حکومت 15 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے قبل ہی مسلم لیگ ( ن) نے اورنج لائن میٹرو منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے اورنج لائن منصوبے کا افتتاح ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق نے جین مندر پر کیا۔ اس موقع پر ن لیگی رہنما ایاز صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات عوام کے سامنے ہیں اور حکومت کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں ایک ہو گئی ہیں‘ چینی، آٹا، بجلی اور گیس چوروں کا وقت پورا ہو گیا ہے اور وہ اب عوام کی برداشت سے باہر ہو گئے ہیں تاہم عوام کو جلد اس حکومت سے نجات ملے گی۔ ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کے عدالتی حملے ناکام ہوئے ہیں‘ وزیراعظم عمران خان کی سوچ محدود ہے‘13 دسمبر کو لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا تاریخی جلسہ ہو گا اور دسمبر ہی عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کا مہینہ ہو گا‘ اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کرنے والے شرمندہ ہوں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے بھی خطاب کیا۔