انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان کے تحت پہلا بین الاقوامی آن لائن سیمینار

435

انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان (سعودی عرب) کے زیر اہتمام پہلے بین الاقوامی آن لائن سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں سفارتخانے کے پولیٹیکل سیکرٹری سیف اللہ خان نے سفیر پاکستان کی نمایندگی کی۔ ’’جامعات اور صنعتوں کا باہمی تعاون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ گزشتہ عرصے میں ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی نے مختلف صنعتوں کی حکمت عملی اور طریقہ کار میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ درسی مواد اور عملی میدان کے درمیان خلا کو کم کیا جائے، جس سے نہ صرف طلبہ کو فائدہ ہوگا بلکہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں نئی تحقیق کی راہیں ہموار ہوں گی۔
انسٹی ٹیوشن کے چیئرمین انجینئر سید محمد اقبال نے اپنے خطاب میں سیمینار کے اہم نقاط کی طرف توجہ دلانے کے ساتھ سعودی حکومت اور سفارتخانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اسکالرشپ کمیٹی کے فاروق اقبال نے پاکستان میں انجینئرنگ کے طلبہ کے وظائف کا پروگرام کامیابی سے چلانے کو بڑی کامیاب قرار دیتے ہوئے عظیم مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
اس سے قبل سیمینار کا باقاعدہ آغاز انجینئر ڈاکٹر حافظ عمران نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور سیکرٹری جنرل انجینئر محمد عاصم صدیقی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ آخر میں میزبان شیخ اسرار احمد کی جانب سے عشایئے کا اہتمام کیا گیا۔