ہم وطنوں کی خدمت فرض سمجھ کر کرتے ہیں‘ شیخ عبدالشکور

424

انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم (سعودی عرب) کی جانب سے سفارتخانہ پاکستان ریاض کے سبکدوش ہونے والے ویلفیئر اتاشی شیخ عبدالشکور کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سندھی برادری کے اکابرین نے خصوصاً شرکت کی۔ تقریب کی صدارت وزیر تجارت و سرمایہ کاری اظہر علی داہر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض حفیظ شیخ نے انجام دیے۔ انہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مہمان خصوصی کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
شیخ عبدالشکور نے مزید کہا کہ جس بے پناہ محبت اور جذبات کا اظہار پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے کیا گیا ہے، اس کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی اعلیٰ خوبیوں کی حامل ہے۔ ہم تمام ہم وطنوں کی بلا تفریق خدمت اپنا فرض سمجھ کر کرتے ہیں اور آیندہ بھی جاری رکھیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اظہر علی داہر نے کہا کہ شیخ عبدالشکور انتہائی ذمے دار، باصلاحیت اور محبت کرنے والے عظیم انسان ہیں۔ کمیونٹی کے لیے ان کی بے شمار خدمات پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انڈس کلچرل اینڈ سوشل فورم کے صدر ڈاکٹر مصطفیٰ میمن نے کہا کہ سندھ دھرتی کے سپوت شیخ عبدالشکور پر ہمیں فخر ہے۔ فورم کے سابقہ صدر ذیشان قاضی نے کہا کہ شیخ عبدالشکور مخلص انسان ہیں، جنہوں نے ذمے داری کے ساتھ اپنے فرائض بحسن و خوبی نبھائے ہیں۔ تقریب سے غلام قادر ملاح، زاہد میاں، فیصل شیخ، انیس ملک، ڈاکٹر سعید، عرفان میمن اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے شکور شیخ کی خدمات کو سراہا۔