رفیع اللہ نے مزدوروں کی بے لوث وکالت کی، حبیب جنیدی

242

جسارت لیبر فورم کے زیر اہتمام مزدور مسائل اور ان کا حل کے موضوع پر مذاکرہ جمعیت الفلاح ہال میں 22 اکتوبر کو منعقد ہوا۔ اس موقع پر رفیع اللہ ایڈووکیٹ مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینئر مزدور رہنما اور پیپلز لیبر بیورو کے لیڈر حبیب الدین جنیدی تھے۔ جبکہ صدارت نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سینئر نائب صدر ظفر خان نے کی۔
پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر اور سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے رفیع اللہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا انسان دنیا سے چلا گیا۔ مرحوم نے ساری زندگی مزدوروں کی بے لوث خدمت کی۔ ٹریڈ یونین اچھے لوگوں کو فراموش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بڑی تعداد میں مزدور بیروزگار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حالات بہتر کرنے کے لیے بلا امتیاز کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کے ادارے محنت کشوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مزدور برادری جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرے۔
اس موقع پر پاکستان اسٹیل کے سینئر مزدور رہنما اور این ایل ایف پاکستان کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم ایک اچھے انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے یونینز کمزور ہورہی ہیں۔ یونین رہنما آپس میں رابطے میں رہیں۔ حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے مزدوروں پر ظلم ہورہا ہے۔ مزدوروں کو تقررنامہ نہیں ملتا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ملک گیر سطح پر مزدوروں کے مسائل جمع کرکے چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کرے گی، مزدور برادری مزدور مسائل لکھ کر ہم سے تعاون کریں۔
شاکر محمود صدیقی
نیشنل ریفائنری کنٹریکٹر ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری اور ایم کیو ایم بہادر آباد کے سینئر رہنما نے کہا کہ نیشنل ریفائنری میں مزدور کی ترقی اس کی برطرفی پر ختم ہوجاتی ہے۔ بلا امتیاز مزدوروں کی خدمت کرنے کی ضرورت ہے۔ مزدوروں کو فیکٹری میں Show کیا جائے۔ مزدوروں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم مزدوروں کے ہمدرد وکیل تھے۔ مزدور سے اتنی ہی فیس وصول کرتے جتنی وہ ادا کرسکتا ہو۔
محبوب الٰہی
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ 2005ء میں انتظامیہ نے مجھے ملازمت سے برطرف کرنے کی کوشش کی۔ میں رفیع اللہ مرحوم کے پاس گیا۔ انہوں نے فائل دیکھ کر کہا گھبرائو نہیں اوپر اللہ ہے اور نیچے رفیع اللہ ہے۔ مرحوم نے مقدمہ کے نکات بتادیے اور کہا کہ سپریم کورٹ میں اپنا مقدمہ خود لڑو۔ ایک روپے فیس نہیں لی۔ میں مقدمہ میں کامیاب رہا۔ ادارے کی انتظامیہ نے مرحوم کو بڑی رقم کی پیشکش کی لیکن رفیع اللہ نے کہا کہ وہ مزدوروں کے وکیل ہیں۔ مرحوم ایک ایماندار وکیل تھے۔ اپنی بیماری کا بھی کسی کو نہیں بتاتے تھے۔
اسرار ایوبی
EOBI کے سابق افسر تعلقات عامہ نے ادارے میں اپنی ٹریڈ یونین خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ EOBI میں ہر مزدور رجسٹرڈ ہوسکتا ہے۔ میں اب بھی پنشنرز کی خدمت میں مصروف رہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تقررنامہ نہ ملنے کی وجہ سے مزدور غلامی کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔
احمد سلمان شاہین
وفا تنظیم ریٹائرڈ ملازمین سندھ کے صدر نے کہا کہ مزدوروں کی خدمت کرنے سے اللہ راضی ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گروپ لائف انشورنس کی رقم ملازمین کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم مزدور دوست تھے اور سیدھی بات کرتے تھے۔
حیدر علی گبول
پاکستان اسٹیل لیبر یونین پاسلو کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ مزدور مسائل متحد ہو کر حل کرواسکتے ہیں۔
علی اختر بلوچ
پاکستان مشین ٹول فیکٹری ڈیلی ویجز ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم نفیس انسان تھے۔ ان جیسا ایماندار آج تک نہیں دیکھا۔ مرحوم نے ہمارے مقدمات اچھے انداز سے لڑے۔ انہوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کروائی۔
امین بلوچ
واٹر بورڈ پیپلز لیبر یونین کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ مزدوروں کے حالات بہتر کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واٹر بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات ادا کیے جائیں۔
فہیم صابر
NIFT ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم کا خلا پر ہونا مشکل ہے۔ میں ان کے پاس مشورے کے لیے گیا تو انہوں نے اچھے مشورے دیے۔ میں نے پوچھا کتنی فیس دوں جس پر مرحوم نے جواب دیا کہ ذرا سی بات کے لیے رقم دینے کی ضرورت نہیں۔ حالانکہ میں رقم ادا کرسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے وکیل اب کم ہوتے جارہے ہیں۔
اسلم خان فاروقی
سائٹ کے مزدور رہنما نے کہا کہ مزدور جن خراب حالات سے گزر رہے ہیں اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ مزدوروں کے ساتھ زیادتی کب تک ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم رفیع اللہ کے نقش قدم پر چلیں۔
سرتاج ندیم
سینئر مزدور رہنما اور ایبٹ پاکستان ایمپلائز یونین کے سابق چیئرمین نے کہا کہ کورونا وائرس سے مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں۔
مقدر زمان
پاکستان ریلوے کے مزدور رہنما نے کہا کہ حکومت ریلوے کے مزدور مسائل حل کرے۔
قاضی سراج
روزنامہ جسارت کے صفحہ محنت کے انچارج نے کہا کہ رفیع اللہ مرحوم بیمار ہونے کے باوجود لیکچر دینے کے لیے الفلاح ہال میں آتے تھے۔ مرحوم نے سندھ ہائی کورٹ سے فیصلہ کروایا کہ کراچی چیمبر میں لیبر لاز کا اطلاق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مزدور دوست رہنمائوں کو دہشت گردی کے الزام میں قید کروادیتی ہے۔ NIFT کی انتظایہ نے فہیم صابر پر دہشت گردی کا مقدمہ بنوادیا۔
سید حسن علی
نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے رہنما سید حسن علی نے سوشل میڈیا کی اہمیت اجاگر کی۔
جھلکیاں
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے شاکر محمود صدیقی نے کیا۔ اختتام پر اسلم فاروقی نے دعا کروائی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قاضی سراج نے انجام دیے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی اسلام آباد سے پرواز مس ہونے کی وجہ سے پروگرام میں شریک نہ ہوسکے۔
کون کون شریک ہوا
پروگرام میں مقررین کے علاوہ NRL کے رہنما وسیم اقبال اور شفیق قائم خانی، پاسلو کے پبلسٹی سیکرٹری عمیر احمد صدیقی، وفا کے جنرل سیکرٹری سید اکمل حسین، اٹلس انجینئرنگ CBA کے صدر نصیر الدین، لانڈھی کے مزدور رہنما اخی بہادر، ICI ایمپلائز یونین کے صدر جبران حسن اور جنرل سیکرٹری عبید ابراہیم اور دیگر نے شرکت کی۔