حکومت روس کی پیشکش سے فائدہ اٹھائے‘پاسلو یونین کا مطالبہ

126

پاکستان اسٹیل کی نجکاری اور ملازمین کی برطرفی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے پاسلو یونین کے جنرل ورکرز اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کے نمائندوں نے مختلف ذرائع سے کئی بار پاکستان اسٹیل کی بحالی کی پیشکش کو دہرایا لیکن حکومت کیوں اس پیشکش کو قبول نہیں کرتی۔ عالمی طاقتیں پاکستان کو صنعتی طور پر ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتیں۔ اس لیے پاکستان اسٹیل کی بندش بھی عالمی سازش کا حصہ ہے ۔جس کے لیے مقامی اسٹیل مافیا ان کے آلہ کار کے طور پر استعمال ہورہے ہیں۔
پاسلو یونین نے ماضی میں بھی ملازمین پاکستان اسٹیل کا تحفظ کیا اور آئندہ بھی غیر
آئینی اور جابرانہ فیصلے قبول نہیں کریں گے۔ حکومت کے پاس ابھی تک پاکستان اسٹیل کو چلانے کے حوالے سے کوئی پلان موجود نہیں۔ پاسلو یو نین کے نوجوان میدان عمل میں ہیں۔ جبری بر طرفیوں کا فیصلہ حکومت کو واپس لینا ہوگا۔ ملک بھر کے مزدوروں سے رابطہ کرکے اپنی تحریک اور جدوجہد کو تیز تر کریں گے۔ یہ بات پاسلو کے صدر عاصم بھٹی اور جنرل سیکرٹری علی حیدر گبول نے ورکرز اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جنرل ورکر اجلاس سے ظفر خان سینئر نائب صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان، شاہد ایوب جنرل سیکرٹری نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان اور مشہور نعت خواں نعمان شاہ نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں پاسلو کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔