پرتگال کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث اور ووٹنگ کا عمل مکمل

203

لزبن( آن لائن)پرتگال کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث اور ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک طویل عرصے کے بعد مسئلہ کشمیر پر پرتگال کی پارلیمنٹ میں بحث کی گئی جس میں پارلیمنٹ کے ارکان نے بھر پور حصہ لیا، مسئلہ کشمیر کی قرارداد حکومتی اتحاد میں شامل لیفٹ بلاک اور کیمونسٹ پارٹی نے بحث کے لیے پیش کی جب کہ اس سے قبل پاکستان پریس کلب پرتگال کے صدر ضیا سید، جنرل سیکرٹری سرفراز فرانسس، پاکستان پرتگال اتحاد کمیونٹی کے سرپرست راجا زاہد اقبال، صدر شیخ عمر اور دیگر کی جانب سے قرار داد پارلیمنٹ میں جمع کرائی گئی تھی ۔اس موقع پر لیفٹ بلاک کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے، اس پر سینئر صحافی اور پاکستان پریس کلب پرتگال کے صدر ضیاسید اور پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل پرتگال کے صدر غضنفر جاوید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرتگیش پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہونا خوش آئند ہے اور گزشتہ چند سالوں میں جس طرح پرتگال میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے جس طرح آواز بلند کی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا وہ قابل ستائش ہے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے ساتھ ساتھ پاکستانی تنظیموں اور میڈیا کا کردار ہمیشہ مثبت اور قابل ستائش رہا ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے بھارت کا مکروہ چہرہ ہر فورم پر بے نقاب ہو اور حکومت پاکستان کے موقف کو تقویت ملے ،ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔