اورنج لائن ٹرین: شہباز شریف کو مبارکباد، مریم اورنگزیب

196

لاہور: 2015 میں شروع ہونے والا التوا کا شکار منصوبہ آخر کار مکمل ہوگیا ہے جبکہ2018 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بھرپور کوشش کی تھی اور اورنج ٹرین چلانے کا پھر فیصلہ کیا گیا تھا مگر کامیابی نہیں ملی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق  وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا ہےاور اس تقریب میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اور چینی سفیر بھی موجود تھے جبکہ  پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے منصوبے کے افتتاح ہونے پر شہبازشریف کو مبارکباد پیش کی ہے۔

‎تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب شہبازشریف کو جیل میں بندکرکے ان کے بنائے شاہکار عوامی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے آپ کی حکومت کو کچھ شرم تو آرہی ہوگی جبکہ عوام کو دنیا کی بہترین ٹرانسپورٹ سہولت دینے والا جیل میں ناحق قید ہے۔

‎ پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان کا کہنا تھا کہ  عمران صاحب آج کس منہ سے شہباز شریف کی اورنج ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں اور اگر آپ دس سال بعد بھی اورنج ٹرین کا افتتاح کرتے تو آپ کو ہر اطراف سے شکریہ شہباز شریف ہی سُنائی دیتا۔

‎ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب نے ہر عوامی منصوبہ کو اپنے گھٹیا سیاست کی بھینٹ چڑھایا اور آج اُنھی نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پہ تختیاں لگا رہے ہیں جبکہ سیاسی انقام کے نشے میں شہباز شریف کے ہر منصوبے کو نقصان پہنچا اور ہر منصوبہ متبازعہ ہوگیا۔

‎ مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ  واضح رہے عمران صاحب یہ وہی اورنج لائن منصوبہ ہے جس کے خلاف پی ٹی آئی عدالت گئی تھی اور  آپ کی وجہ سے منصوبے کی لاگت اور تکمیل کی مدت میں اضافہ ہوا جبکہ  آپ نے اورنج لائن کوبھی بی آر ٹی بنانے کی کوشش کی اور اگر کام نہ روکا جاتا تو عوام گزشتہ 4 سال سے اس پر سفر کررہے ہوتے۔