فرانسیسی صدر نے اسلام پرحملہ آورہوکراسلاموفوبیا کی حوصلہ افزائی کا رستہ چنا، وزیراعظم

666

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیانات اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کردیا۔ عمران خان نے میکرون کا اسلام پر حملہ اس سے لاعلمی قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لیڈر کی خاصیت لوگوں کو متحد کرنا ہوتا ہے۔ لیڈر کو نیلسن منڈیلا کی طرح لوگوں کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد کرنا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ ابھی وقت ہے کہ صدر میکرون ملک میں انتہاپسندی کو روکیں۔ میکرون نے اسلام پر حملہ کر کے اسلامو فوبیا کی حوصلہ افزائی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر میکرون نے جان بوجھ کر اسلام اور ہمارے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی اور مسلمانوں کو مشتعل کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر میکرون نے اپنی لاعلمی کے باعث اسلام پر حملہ کیا اور یورپ سمیت دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔

عمران خان نے کہا کہ میکرون کو انتہا پسندوں کو موقع نہیں دینا چاہیے تھا۔ میکرون کو دنیا کو مزید تقسیم کرنے کے بجائے معاملات کو حل کرنا چاہیے تھا۔ دنیا کو تقسیم کرنے سے انتہا پسندی مزید بڑھے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جہالت پر مبنی بیانات، نفرت اور اسلاموفوبیا سے انتہاپسندی کو فروغ دیں گے۔