فیس بک پر اسلامو فوبیامواد پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ، عمران خان

540

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اسلام مخالف اور اسلامو فوبیا مواد پر فوری پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے دنیا کی سب سے مشہور سماجی  ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو خط لکھ کر فیس بک پر اسلام مخالف مواد پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ نفرت امیز مواد پر مکمل پابندی ہونی چاہیے جس طرح فیس بک پر ہولوکاسٹ مواد پر پابندی ہے اسی طرح سے اسلام مخالف مواد پر بھی سختی سے پابندی ہونی چاہیے۔

وزیر اعظم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ فیس بک اور دیگر ویب سائٹس پر اسلامو فوبیا پھیل رہا ہے جس پر پابندی ہونا چاہیے۔

دوسری جانب اس سے قبل اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ فرانسیسی صدر میکرون کو انتہا پسندوں کو موقع نہیں دینا چاہیئے تھا اور انہوں نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرتا ہے جبکہ فرانسیسی صدر کو دنیا کو تقسیم کرنے کے بجائے معاملات کو حل کرنا چاہئے تھا۔