شہر کو آلودگی سے بچانے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا

279

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات سکھر اجمل تنیونے کہا ہے کہ شہر کو آلودگی سے بچانے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، پلاسٹک شاپر بیگ ماحول کو خراب کرنے میں سب سے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ تاجر برادری اور شہری پلاسٹک بیگ کے استعمال کو ترک کر کے کپڑے کے بیگ استعمال کریں یا متبادل بائیو ڈی گریڈ کیمیکل سے تیار شدہ شاپر بیگ استعمال کیے جائیں تاکہ شہرکو صاف ستھرا رکھ کر عوام کو امراض سے بچایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات اور تاجر سیکرٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں پلاسٹک شاپر ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کو بریفنگ دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محکمہ ماحولیات کے اعجاز احمد، سکھر اسمال ٹریڈرز کے محمد زبیر قریشی، غلام مصطفی پھلپوٹو، محمد رضوان قادری، محمد شبیر میمن، پلاسٹک ایسوسی ایشن کے عبدالمجید، حاجی اقبال، پرویز احمد، محمد جاوید، محمد اکرم و دیگر بھی موجود تھے۔ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل تنیو کا مزید کہنا تھا کہ بائیو ڈی گریڈ کیمیکل کے استعمال کے بغیر تیار پلاسٹک شاپر بیگ کے استعمال سے آلودگی پھیل رہی ہے، جس کے باعث شہری مختلف امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی اور انہیں بیماریوں سے بچانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں ہول سیلر، تاجروں اور دکانداروں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے تاکہ پلاسٹک شاپر کا خاتمہ کرکے ماحول کو بہتر بنائیں اور شہریوں کو امراض سے بچایا جاسکے۔ اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ حکومت اور انتظامیہ سے شہر کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام میں بھرپور تعاون کیا ہے، یہ ہم سب کا شہر ہے ہمیں اپنے شہر اور شہریوں کی صحت سب سے عزیز ہے۔ شہر کو ماحول کی آلودگی سے بچانے میں تاجر برادری ہر ممکن تعاون کریگی۔ اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی جانب سے افسران کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرکیں بھی پیش کیں۔