ڈگری ، تجارتی و کاروباری مرکز بنیادی سہولیات سے محروم

192

 

ڈگری (نمائندہ جسارت) تحصیل ڈگری کی آبادی لگ بھگ دو لاکھ کے قریب ہے اور یہ ضلع میرپور خاص کا دوسرا بڑا تجارتی و کاروباری مرکزی شہر ہے۔ ڈگری پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جانے والا حلقہ ہے جو اب تک تفریحی مقامات پبلک پارک اور کھیل کے میدان جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ ڈگری کے نوجوانوں کو نہ تو تفریح کے مواقع میسر ہیں اور نہ ہی کھیلوں کے میدان، ان تمام سہولیات کے نہ ہونے سے نوجوان منفی سرگرمیوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ آج کے دور میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے مگر افسوس کرکٹ سے بے انتہا پیار کرنے والے نوجوان اسپورٹس کے گرائونڈ سے محروم ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے ملک ترقی کرتے ہیں اور کھیل ہی امن کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ کھلاڑیوں کو امن کا سفیر بنایا جاتا ہے۔ نفسا نفسی کے اس دور میں کھیل لوگوں کو ایک عمدہ تفریح بھی مہیا کرتے ہیں۔ اگر ہمارے گراؤنڈ آباد ہوں گے تو ہماری نسل غیر منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہے گی۔ ایک مفکر کا قول ہے کہ اگر گراؤنڈ آباد رہیں گے تو اسپتال ویران نظر آئیں گے مگر افسوس یہاں اسٹڈیم تو دور کی بات کوئی کھیل کا میدان نہیں ہے۔ ڈگری کے کئی نوجوان تو مقامی شہر کے علاوہ سندھ لیول پر ڈگری کا نام روشن کررہے ہیں مگر مستقل پلیٹ فارم نہ ہونے سے کئی کھلاڑی آگے نہیں بڑھ پاتے۔ ڈگری شہر کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کا میدان نہ ہونے سے نوجوان کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہمیں گرائونڈ دیا جائے تاکہ ہم اپنے شوق کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں کھیلوں کے فروغ دے سکیں اور کھیلوں کے ذریعے ہم منفی سرگرمیوں سے بچ سکیں۔