ٹنڈو آدم ، چکی مالکان کا سرکاری نرخ پر آٹا فروخت کرنے سے انکار

168

 

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم میں چکی مالکان کا سرکاری مقرر کردہ نرخ پر آٹا فروخت کرنے سے انکار، آٹا 65 سے 70 روپے تک فروخت ہونے لگا ، سبزیاں بھی مہنگی ، پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ۔ ٹنڈو آدم میں سندھ حکومت کی جانب سے آٹے کے مقرر کردہ نرخ پر آٹا فروخت کرنے کے احکامات کو چکی مالکان و فلور ملز انتظامیہ نے من مانے ریٹ مقرر کردیے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے کوٹا دیے جانے کے باوجود بھی چکی و فلور ملز مالکان سرکاری نرخ پر فروخت سے نالاں نظر آتے ہیں جبکہ فلور ملز و چکی مالکان کی جانب سے 65 سے 70 روپے کلو روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ سبزی مارکیٹ سمیت دیگر علاقے کھنڈو روڈ، الہٰیار محلہ، بنگلہ روڈ، جمن شاہ، جوہر آباد سمیت دیگر مقامات پر قائم سبزی کی دکانوں پر سبزی مالکان بھی کسی سے پیچھے نہیں اور من مانے ریٹ پر سبزیاں فروخت کرنے لگے ہیں۔ آٹا، سبزیاں، انڈوں، دودھ سمیت انتظامیہ کسی بھی کھانے پینے کے اشیاء فروخت کرنے کے والوں کیخلاف کارروائی کرنے میں انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔ علاوہ ازیں مہنگائی کیخلاف پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے ضلعی صدر سلطان خاصخیلی، شہزاد چشتی، رانا گلزار نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے افسران سمیت اسسٹنٹ کمشنر اعجاز احمد جتوئی سے مہنگائی پر کنٹرول کرنے سمیت مہنگی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کیخلاف عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔