قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا دوسرا روز

153

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے 265 رنز کا ہدف دے دیا۔کے پی کی ٹیم میچ کے آخری روز بغیر کسی نقصان کے 6 اسکور سے کھیل کا آغاز کرے گی۔اس سے قبل 131 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی پوری ٹیم 133 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آصف آفریدی نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں سندھ کے8 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز کے جواب میں کے پی کی ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ ابرار احمد نے 32 رنز کے عوض 4 جبکہ شاہنواز دھنی نے 35 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں میچ کے دوسرے روز زید عالم کی سنچری کی بدولت ناردرن کا فائیٹ بیک جاری ہے۔ 116 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنالیے ،زید عالم نے 112 رنز بنائے۔ ناردرن کو میچ میں مجموعی طور پر54 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے سینٹرل پنجاب کے اعتزاز حبیب خان دوسری اننگز میں اب تک 3 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن کے 128 رنز کے جواب میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم میچ کے دوسرے روزاپنی پہلی اننگز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عتیق الرحمٰن 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ناردرن کے ضیاد خان نے میچ میں ہیٹ ٹرک سمیت 4 وکٹیں حاصل کیں۔ رضا حسن اور شاداب مجید نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں میچ میں سدرن پنجاب کو اپنی دوسری اننگز میں 49 رنز کے خسارے کا سامنا ہے جبکہ اس کی ابھی 9 وکٹیں باقی ہیں۔دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے ایک وکٹ کے نقصان پر 69 رنز بنالیے ۔ اس سے قبل اکبر الرحمٰن کی شاندار سنچری کی بدولت بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کے 196 رنز کے جواب میں مقررہ 83 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔ اکبر الرحمٰن 108 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے شہباز خان کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 182 رنز کی شراکت قائم کی۔ شہباز خان 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سدرن پنجاب کے محمد عمران نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔