مصر فوج کے سائے میں انتخابات کا پہلا مرحلہ

329
مصر: شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے انتخابی مرکز کے باہر جمع ہیں، پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی اہل کار تعینات ہیں

قاہرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) مصر میں فوجی صدر عبدالفتاح سیسی کے زیر سایہ پارلیمانی انتخابات شروع ہوگئے ہیں۔ ایوان زیریں کے 568 قانون سازوں کے انتخاب کے لیے 6 کروڑ 30لاکھ مصری شہری حق رائے دہی کے عمل میں شرکت کے اہل ہیں۔ یہ انتخابات 2 مراحل میں ہو رہے ہیں۔ ابتدائی مرحلہ ہفتے اور آج اتوار کے روز ہو رہا ہے، جس میں 14 صوبوں میں ووٹنگ جاری ہے۔ آیندہ ماہ 7 اور 8 نومبر کو دوسرا مرحلہ ہو گا، جس میں 13 صوبوں کے شہری رائے دہی کے عمل میں شرکت کریں گے۔ قوی امکان ہے کہ ان انتخابات میں فوجی صدر کی حامی جماعتیں ہی کامیاب ہوں گی، کیوں کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اخوان المسلمون پر پابندی ہے، جب کہ حزب اختلاف کی دیگر جماعتیں بھی سیاسی منظر سے غائب کردی گئی ہیں۔ ان انتخابات کے سلسلے میں مسلح افواج، وزارت داخلہ، وزارت صحت اور نیشنل الیکشن کمیشن کا گٹھ جوڑ کیا گیا ہے، جو تمام کے تمام سیسی حکومت کے اشاروں پر کام کرتے ہیں۔وزارت داخلہ نے انتخابی عمل کے دوران سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں پولنگ اسٹیشنوں اور ان کے اطراف بڑی تعداد میں سیکورٹی اہل کاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی عوامی بہبود کے وزیر میجر جنرل محمود شعراوی کا کہنا ہے کہ انہوں نے صوبوں کے گورنروں کے ساتھ مل کر انتخابات کے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوروناسے بچاؤ کے سلسلے میں حفاظتی تدابیر کے ضمن میں سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔