پی ڈی ایم کے جلسوں سے جعلی حکومت کے اوسان خطا ہوگئے، فضل الرحمن

232

قلات(صباح نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم طبل جنگ بجا چکے ہیں،پی ڈی ایم جلسوں سے جعلی حکومت کے اوسان خطا ہوگئے، کوئٹہ کاجلسہ ہرصورت ہوگا، اگرحکومت سیکورٹی فراہم نہیں کرسکتی تو وہ گھرچلی جائے، جلسے سے متعلق کوئی تھریٹ نہیں ،اگر ہو بھی تو ہمیں کوئٹہ میں جلسہ کرنا ہے،کسی لیڈر کے نہ آنے سے پی ڈی ایم اتحاد پر فرق نہیں پڑیگا، نوازشریف نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا وہ بھاگنے والے نہیں ۔قلات میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اس نااہل اور ناجائز حکومت کے خلاف پوری قوم میں بیداری کا سبب بن رہی ہے، کل پورا بلوچستان بشمول کوئٹہ ہمارے ساتھ مل کر نالائق حکومت کے خلاف جمع ہوگا، سیکو رٹی دینا حکومت کا کام ہے، اگر وہ یہ کام نہیں کر سکتی تو ہم خود سیکورٹی کے انتطامات سنبھال لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، آج ہر شخص کی چیخ و پکار آسمان کو پہنچ رہی ہے، عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کامیڈی ہے، ووٹ عوام کا حق اور امانت ہے جو چوری کیا گیا، ہم نے عہد کیا ہے کہ ہر صورت عوام کی امانت کو لوٹا کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے جسٹس قاضی فائز کیس بدنیتی قرار دے کر خارج کردیا، یہ ریفرنس جعلی کابینہ اور جعلی وزیراعظم کی ایما پر بنایا گیا تھا، اب صدرعارف علوی اپنے عہدے پر مزید رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔