کراچی علما کمیٹی نے مولانا اقبال اللہ کو سربراہ مقرر کرلیا

230

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی علما کمیٹی کا اہم اجلاس، تمام اراکین سے مشاورت کے بعد متفقہ طور پر بزرگ مذہبی رہنما مولانا اقبال اللہ کو علما کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ بعد ازاں کراچی علما کمیٹی کے نومنتخب سربراہ کی صدارت میں ہونے والے اہم اجلاس میں کمیٹی کے بانی سربراہ مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔ مولانا عادل خان شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ سنی مسالک کی دیگر تنظیموں اور مذہبی جماعتوں کے قائدین سے فوری مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جبکہ مشائخ علما کرام پر مشتمل سپریم مشائخ کونسل بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، ان منتخب مشائخ سے مستقبل میں انجام دینے والے امور کی منظوری کے ساتھ ان کی سرپرستی و رہنمائی میں کمیٹی اپنے امور انجام دے گی۔ معروف علمی و روحانی دینی زعما پر مشتمل مشائخ کونسل کے ناموں کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ فوری طور پر تفتیشی ٹیم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کرکے اب تک ہونے والی کارروائی کی معلومات اور پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے علما کمیٹی کے بانی مولانا عادل خان شہید کے مشن کو ان کے طے کردہ اصولوں کی روشنی میں طے کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کا بھی فیصلہ بھی کیا گیا۔ کراچی علما کمیٹی کے ارکان میں قاری محمد عثمان، مولانا طلحہ رحمانی، مولانا اورنگزیب فاروقی، قاری اللہ داد، مولانا قاری حق نواز، مولانا قاسم عبداللہ، مولانا ابراہیم مظہر، مفتی نعمان نعیم، قاضی احسان احمد، مولانا محمد طیب، قاری محمد اقبال، مولانا تاج محمد حنفی، مولانا حماد مدنی، مولانا احمد یار خان، مفتی عمر فاروق، مولانا ادریس ربانی شامل ہیں۔