عشاق رسول نے ختم نبوت کے غدارو ں کی نیند حرام کردی، علماء

218

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم، مولانا علیم الدین شاکر، پیر میاں محمد رضوان نفیس، مولانا جمیل الرحمن اختر، مولانا حافظ محمد اشرف گجر، مولانا خالد محمود، مولانا سید عبداللہ شاہ، مولانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ چناب نگر میں منعقد ہونے والی 39ویں سالانہ تحفظ ختم نبوتؐ کانفرنس میں لاکھوں افراد کی شرکت بیرونی دبائو پر ہونے والے فیصلوں پر کھلا عدم اعتماد ہے اور یہ اعلان ہے کہ اسلامیان پاکستان ختم نبوتؐ اور قانون ناموس رسالتؐ کا ہر قیمت پر تحفظ کرتے رہیں گے، عشاق رسول کے اس اجتماع نے ختم نبوت کے غداروں کی نیند حرام کردی۔ چناب نگر میں کامیاب کانفرنس نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت قانون اور قوانین ختم نبوت کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور ذرا برابر بھی اس میں کوئی سازش برداشت نہیں کی جائے گی، علماء نے مطالبہ کیا کہ چناب نگر کانفرنس میں منظور ہونے والی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام گزشتہ روز ہونے والی39ویں سالانہ تحفظ ختم نبوت کانفرنس کی کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجالاتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کرنے والے دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، علماء کرام، مندوبین و مدعووین اور عوام الناس کے صمیم قلب سے مشکور ہیں۔