بلدیہ عظمیٰ کے ڈاکٹر ز اوردیگر ملازمین ستمبرکی تنخواہوں سے محروم

148

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی کی نا اہلی کے باعث ڈاکٹرز تاحال ستمبر کی تنخواہ سے محروم ہیں ڈاکٹروںکاکہناہے کہ مہنگائی کے دور میں تنخواہوں کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر سے ملازمین کو گھر کا بجٹ چلانے کیلیے قرضوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے لوکل گورنمنٹ اور کے ایم سی کے گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے تمام ملازمین کی تنخواہیں اے جی سندھ کو منتقل نہ کرنے کے باعث تنخواہوں میں تاخیر معمول بن گیا۔ ذرائع کے مطابق کے ایم سی کے ذمہ داروں کی نا اہلی اور بدانتظامی کے باعث نچلی سطح کے ملازمین کے ساتھ ساتھ انسانیت کے مسیحا بھی مشکل میں پڑگئے، اکتوبر کا مہینہ ختم ہونے کے قریب ہے لیکن ڈاکٹرز کو ماہ (ستمبر) کی تنخواہیں تاحال جاری نہ کی جاسکیں، جس کی وجہ سے ڈاکٹرز کے گھر کا بجٹ بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہ ذہنی اذیت کا شکار ہیں، ذرائع کے مطابق کئی ڈاکٹرز کی جانب سے تنخواہ سے متعلق جان کاری کی کوشش بھی کی گئی تاہم تسلی بخش جواب نہ مل سکا، جس سے ڈاکٹرز میں بے چینی پائی جاتی ہے۔