سماجی رہنما فیروز بنگالی کی بیٹی کے قتل میں ملوث 2ملزمان گرفتار

83

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں سماجی رہنما فیروز بنگالی کی بیٹی کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سرکاری جیکٹ نے قاتلوں کو پکڑوا دیا، گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان ادارے کے ملازمین کے بیٹے ہیں،تفصیلات کے مطابق کے 19اکتوبر کو عبداللہ کالج کے سامنے فاطمہ نامی خاتون کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ اس کے والد اورنگی ٹائون کے سابق ٹائون ناظم فیروزبنگالی کی مدعیت میں نارتھ ناظم آباد تھانے میں درج کر لیا گیا تھا جس میں مدعی نے بتایا کہ اس کی بیٹی فاطمہ اپنی بہن فضا کے ہمراہ انٹر میڈیٹ بورڈ فارم جمع کرانے آئی تھی اور فیس جمع کرانے کے لیے بینک ڈھونڈ رہی تھی کہ اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلیے کارروائی شروع کی، کے ایم سی کی سرکاری جیکٹ نے قاتلوں کو پکڑوا دیا۔ گرفتاردونوں ملزمان کے ایم سی ملازمین کے بیٹے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی نہیں اسٹریٹ کرائم کا شاخسانہ ہے۔ملزمان نے بورڈ آفس کے قریب چار لڑکیوں کو گاڑی میں جاتے دیکھا اور ان کا پیچھا کرتے ہوئے بلاک اے نارتھ ناظم آباد تک آئے۔ ملزم شکیل موٹرسائیکل چلا رہا تھا بلال عرف بلی پیچھے بیٹھا تھا۔ ملزم بلال نے اپنے والد کی کے ایم سی کی جیکٹ پہن رکھی تھی۔بلال جیسے ہی واردات کیلیے موٹر سائیکل سے اترا لڑکی نے گاڑی چلا دی۔غصے میں آکر ملزم بلال نے فائر کھول دیا جو لڑکی فاطمہ کو لگا۔ فاطمہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی تھی ۔